Sunday, 12 June 2016

ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ، ڈی ولیئرز کا خوشی کا اظہار


گیانا: جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے دورہ آسٹریلیا میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ وہ اس کے مخالف نہیں تھے۔

اے بی ڈی ولیئرز نے اس سے قبل ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہنا تھا کہ بغیر تجربے کے اس طرح کے میچز ٹیم کے مفاد میں نہیں ہوں گے۔

کرک بز کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے وہی کیا جو ایک کپتان کو کرنا چاہیے تھا، میرا سوال اچھا تھا اور اپنی ٹیم کو جیت کے لیے برابر موقع حاصل کرنے کی خاطر تھوڑا لڑا اور میں اس پر خوش ہوں'۔

رواں ہفتے کے آغاز میں کرکٹ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے نومبر میں ایڈیلیڈ میں شیڈول ٹیسٹ میچ کو ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے پر اتفاق کیا تھا۔

جنوبی افریقہ کے کپتان نے کرکٹ آسٹریلیا کے اس اعلان پر خوشی کا اظہار کیا کہ مہمان ٹیم کو دو وارم اپ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کو ملیں گے۔

مایہ ناز بلے باز نے کہا کہ 'ہم گلابی رنگ کی گیند سے کھیل رہے ہوں یا سفید یا پھر سرخ گیند سے ہمیں صرف برابری کا موقع ملنا چاہیے اور ان دو میچوں سے تیاری کا موقع مل جائے گا'۔

'ایسا لگتا تھا کہ ہم میچ پر قابو حاصل نہیں کر پائیں گے لیکن اب جو کچھ طے پایا ہے اس سے خوش ہیں اور مقابلے کے لیے تیار ہیں'۔

جنوبی افریقہ ٹیم رواں سال نومبر میں آسٹریلیا کے دورے پر جائے گی جہاں 3 نومبر سے ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگا اور 24 نومبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ کو ڈے اینڈ نائٹ کے طور پر رکھا گیا ہے۔

ڈی ولیئرز نے اپنے پرانے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 'جب پہلی دفعہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا تھا تو میں پریشان تھا اور مجھے یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ کیا ہورہا ہے اور اب بھی میں اس کے مستقبل کے حوالے سے کچھ نہیں جانتا'۔